سرگودھا پولیس کا ایک اور جوان مادر وطن پر قربان

 
سرگودھا تھانہ سٹی کے علاقہ فاطمہ جناح روڈ پر منشیات فروشوں کی ریکی و گرفتاری کے دوران ملزمان کی طرف سے شدید فائرنگ کی گئی، پولیس کا 1 جوان کانسٹیبل وحید موقع پر شہید جبکہ اسکا دوست عبدالحفیظ شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل عبدالوحید، ذکاء اللہ پولیس لائن میں تعینات تھا جسکو بدنام زمانہ منشیات فروش راشد عرف لوٹا کی ریکی و گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک دے رکھا تھا جس نے مورخہ 19-11-18 کو بھی کامیاب مخبری کر کے راشد عرف لوٹا کی بیوی اور کارندہ خاص علی رضا کو بھاری منشیات سمیت گرفتار کروایا تھا جس پر ملزم راشد عرف لوٹا نے اپنے ساتھیوں منیر احمد، منیب اور بلاول رحیم عرف بیدو کے ہمراہ پرانا تاج سینما موڑ فاطمہ جناح روڈ کانسٹیبل عبدالوحید اور اس کے دوست عبدالحفیظ پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل عبدالوحید موقع پر شہید جبکہ اسکا دوست شدید زخمی ہو گیا، ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی سرگودھا میں دہشت گردی،قتل ، اقدام قتل اور کار سرکار میں مزاحمت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ شہید ہونے والے کانسٹیبل عبدالوحید کی نماز جنازہ ذکاء اللہ شہید ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی جس میں ڈی پی او سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا کے علاوہ پولیس افسران و اہلکاران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈی پی او سرگودھا نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسد خاکی کو تدفین کے لیے آبائی علاقے میں روانہ کر دیا گیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کا کہنا تھا کہ فرائض کی انجام دہی میں سرگودھا پولیس پہلے بھی قربانیاں دیتی رہی ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا شہید ہمارا فخر ہے اور قوم کے یہ بیٹے اپنی قوم پر قربان ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔سرگودھا پولیس کو اپنے تمام شہداء پر فخر ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل ایس پی ملک واجد حسین کی نگرانی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر روانہ کر دی گئی ہیں۔ شہید کانسٹیبل عبدالوحید 1980-12-20 کو پیدا ہوئے میٹرک کرنے کے بعد 2005 میں سرگودھا پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے آپ نے 38 برس کی عمر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران مادر وطن کے لیے اپنی جان قربان کی۔
(پبلک ریلیشن آفیسر دفتر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا)
 
Friday, November 22, 2019