سرگودھا پولیس گرفتار دوملزمان سے 75کلو گرام چرس اور 3کلو گرام افیون برآمد

سرگودھا:پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کاروائی، گرفتار دوملزمان سے 75کلو گرام چرس اور 3کلو گرام افیون برآمد 
سرگودھا: منشیات کا استعمال انسان کے جسم، اخلاق کے علاوہ اجتماعی معاشرتی زندگی کو بھی اپنے بُرے اثرات کی بدولت تباہ وبرباد کردیتا ہے۔ منشیات فروش نوجوان نسل کو نشے کا عادی بنارہے ہیں یہ موذی مرض بہت ساری دوسرے جرائم کا باعث بنتی ہے۔منشیات کے عادی افراد اپنے نشے کو پورا کرنے کیلئے بہت سے دوسرے جرائم کا مرتکب ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی ساہیوال سرکل فضل عباس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی او سرگودھا فیصل گلزار کی خصوصی ہدایت پر پولیس منشیات کی روک تھام کیلئے بھرپور کردار اداکررہی ہے۔ اسی سلسلہ میں ایس ایچ او تھانہ ساہیوال ذیشان اقبال نے سب انسپکٹر محمد عمیر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمداشرف وغیرہ پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ ڈیرہ ازان رانا شوکت پر ریڈ کرکے بدنام زمانہ منشیات فروش دوبھائیوں عبدالواجد اور عبدالواحد پسران عبدالحمید کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے ڈیرہ پر چھپائی گئی 75کلو گرام چرس جبکہ3کلو گرام افیون برآمد کرلی۔ملزمان نے یہ منشیات مختلف علاقوں میں سمگل کرنا تھی۔گرفتار ملزمان کے خلاف منشیات فروشی جبکہ رانا شوکت کے خلاف منشیات فروشوں کاسہولت کارہونے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل میں نشہ آور اشیاء کے استعمال کا رجحان انتہائی دولت یا انتہائی غربت، بُری صحبت، بے چینی اور والدین کی بچوں کی طرف سے بے اعتناہی جیسے اسباب کی وجہ سے ہے۔ منشیات کسی ایک قوم، زبان یا مذہب کا دشمن نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے کا مشترکہ دشمن ہے اس کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا چاہیے۔معاشرے کے ہر فرد کوچاہیے کہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف پولیس کا ساتھ دے۔ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ریجن سرگودھا افضال احمد کوثر نے منشیات فروشوں کے خلاف اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ ساہیوال اور انکی ٹیم کو نقدانعام وتعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
(ترجمان سرگودھا پولیس)

Wednesday, May 6, 2020