ڈی پی او اور ڈی سی سرگودھا کا کرونا ایس او پیز کے تحت مختلف علاقوں کا دورہ

سرگودہا۔ ڈی پی او فیصل گلزار اور ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کورونا ایس او پیز کے جائزہ کے لئے مختلف بازاروں ‘ مارکیٹوں اور لاری اڈا پہنچ گئے ۔
ضلعی افسران نے رحمان پلازہ میں کورونا ایس او پیز کے جائزہ کے دوران خلاف ورزی پر 20 دکانوں کو سیل کر دیاہے ۔ دونوں افسران نے بازاروں او رمارکیٹوں کے تفصیلی دورہ کے دوران دکانوں پر کام کرنے والے ملازمین او رگاہک کے ماسک استعمال او رہینڈ سینٹی ٹائز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ ہر دکان کے باہر نو ماسک نو سروس جلی حروف سے تحریر کئے جائیں ۔ دکانوں میں داخلے سے قبل ہاتھوں کو سینی ٹائز کیاجائے اورماسک استعمال نہ کرنے والے کسی گاہک کو کوئی چیز فراہم نہ کی جائے ۔ انہوں نے بازاروں 
اورمارکیٹوں میں بچوں اوربزرگوں کے داخلہ پر عائد پابندی پر بھی سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی اوربعض مارکیٹوں میں بزرگ دکانداروں کی موجودگی پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کو ایسے بزرگوں کو گھروں کو بھجوانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مارکیٹوں میں تجاوزات پر برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری تجاوزات ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ او رڈی پی او فیصل گلزار اچانک جنرل بس سٹینڈ بھی پہنچ گئے ۔انہوں نے مسافر گاڑیوں میں حکومت کے وضع کردہ ایس او پیز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے ٹرانسپورٹروں کو ہدایت کی کہ ماسک کے بغیر کسی مسافر کو سوار نہ ہونے دیا جائے ۔ گاڑیوں میں مسافروں کے مابین بھی سماجی فاصلہ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے جنرل بس سٹینڈ کی دکانوں کابھی معائنہ کیا اور کورونا ایس او پیز کاجائزہ لیا ۔ دونوں ضلعی افسران نے ویٹنگ روم کے معائنہ کے دوران انسداد کورونا کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات کاجائزہ لیا ۔ انہوں نے گاڑیوں او رانتظار گاہ میں سینی ٹائز کی سو فیصد دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
( ترجمان سرگودھا پولیس)

Monday, June 15, 2020