سٹی سرکل پولیس، لاکھوں روپے مالیت کے26موٹرسائیکل برآمد، دس ملزمان گرفتار

سرگودھا:سٹی سرکل پولیس کی بڑی کاروائی، لاکھوں روپے مالیت کے26موٹرسائیکل برآمد، دس ملزمان گرفتار  
سرگودھا: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار کی خصوصی ہدایت پرسٹی ایریا میں موٹرسائیکل چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دس ملزمان کو گرفتارکرکے لاکھوں روپے مالیت کے 26موٹرسائیکل برآمد کرلیے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مدعی مقدمات کو بلواکر بعدازقانونی کاروائی چوری شدہ موٹرسائیکل ان کے حوالے کیے گئے۔ ایس ڈی پی او سٹی سرکل اے ایس پی احمد شاہ نے موٹرسائیکلوں کی چابیاں شہریوں کے حوالے کیں۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کے قیمتی مال کی حفاظت کرنا اور چوری ہوجانے کی صورت میں ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے مال برآمد کروانا پولیس کی ذمہ داری ہے اور ہم اپنی اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ اس سلسلہ میں سٹی سرکل کے ایس ایچ اوز، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اعجاز اور سی آئی اے سٹاف کے ہمراہ ملکر کاروائی کے دوران تھانہ سٹی کے12، اربن ایریا 7، سیٹلائٹ ٹاؤن ایک، فیکٹری ایریا 2اور ساجد شہید کے4چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کرلیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گرفتارملزمان حمزہ ولد نعیم سکنہ محمدی کالونی، عاطف ولد ریاض سکنہ اجنالہ، خرم شہزاد ولد ظفر اقبال سکنہ مدینہ کالونی، ساجد ولد محمد بوٹا سکنہ چاندی چوک، محمد امجد ولد لیاقت سکنہ اوکاڑہ، شہزاد ولد ظہیر عباس سکنہ چیمہ کالونی، عمران ولد اللہ بخش سکنہ روانہ، ساجد حسین ولد محمد اکرم سکنہ 109جنوبی، غلام عباس ولد محمد یار سکنہ بکھر بار اور عمردراز ولد محمدشیر سکنہ چک54جنوبی کے قبضہ سے کل مالیت11لاکھ 12ہزار 500روپے کے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمدہوئے۔ ملزمان لاوارث، پارکنگ کے علاوہ اور بغیر لاک کے کھڑے موٹرسائیکل چوری کرکے دوسرے اضلاع میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے انکشافات پر مزید کاروائی متوقع ہے۔ اس سلسلہ میں میڈیا کے ذریعے لوگوں کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ اپنے موٹرسائیکل کی حفاظت کریں موٹرسائیکل کو بغیر لاک اور بغیر پارکنگ کے کھڑا نہ کریں۔ ڈی پی او سرگودھا نے سٹی سرکل کے ایس ایچ اوز، سی آئی اے سٹاف اور انکی ٹیموں کو موٹرسائیکل چوروں کے خلاف اچھی کاروائی کرنے پر شاباش دی ہے۔
(ترجمان سرگودھا پولیس)

Monday, June 29, 2020