سرگودہا پریس کلب میں جشن آزادی کے موقع پر تقریب

سرگودھا(آن لائن )ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اور ڈی پی او فیصل گلزار نے سرگودہا پریس کلب میں جشن آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا۔
تقریب میں صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری، جنرل سیکرٹری رانا ساجد اقبال، شاہین فاروقی اور امجد پرویز سمیت دیگر ممبران پریس کلب نے بڑی تعدا دمیں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او فیصل گلزار نے کہا کہ سرگودہا پریس کلب نے ہمیشہ زرد صحافت کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد، تنظیم اور ایمان ایسے سنہری اصول ہیں جن پر کاربند ہو کر ہم پاکستان کو دنیا کی عظیم مملکت بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔ پاکستان بڑی قربانیاں دے کر حاصل ہوا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے اپنے خطاب میں پوری قوم کو جشن آزادی مبارک باد دی۔ انہوں نے کہاکہ یہ ملک ہمارے لئے سائبان ہے ہمیں اس کو مضبوط ومستحکم بنانا ہے اس کے بغیر ہمارا وجود بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشتگردی کے بعد اب کورونا وائرس کا سامنا ہے ہم نے مل کر اس کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودہا پریس کلب نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے۔ میڈیا او رانتظامیہ کے روابط مستحکم ہیں۔ مثبت تنقید انتظامی افسران کیلئے اصلاح ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری نے کہاکہ یہ ملک ایک عظیم مقصد کیلئے حاصل کیاگیا اور اہم سب نے اس مقصد کے حصول کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ شاہین فاروقی نے کہا کہ آج قیام امن اور خوشحالی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انتظامی ادارے اور میڈیا ملک میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں
( ترجمان سرگودھا پولیس)

Friday, August 14, 2020