سرگودھا پولیس عوام کی حفاظت کیلئے جان کے نزرانہ کے ساتھ خون کے عطیات میں بھی پیش پیش

سرگودہا: پولیس عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے جہاں اپنے خون کا نذرانہ پیش کررہی ہے وہیں ان کی زندگی بچانے کیلئے خون کے عطیات دینے میں بھی پیش پیش ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب لاہور شعیب دستگیر کی خصوصی ہدایت پرکینسر کے عالمی دن کے موقع پر ذکاء اللہ شہید پولیس لائن میں کینسر سے آگاہی کیلئے تقریب جبکہ کینسر کے مریضوں کو خون کا عطیہ دینے کیلئے بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سرگودھا پولیس کے افسران و جوانوں کی کثیر تعداد نے خون کا عطیہ دیا۔ اپنے استقبالیہ خطبہ میں ایس ایس پی ریجن کرائم سرگودھا نجیب الرحمن بگوی نے کہا کہ نفرت جرم سے ہے انسان سے نہیں کے نظریہ پر عمل کرتے ہوئے پولیس نفرت مرض سے ہے مریض سے نہیں پر عمل پیرا ہے۔اس تقریب کا مقصد کینسر کا شکار پولیس ملازمین کی یادجبکہ کینسر کی وجہ سے وفات پانے والے پولیس ملازمین کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرنا ہے اس سلسلہ میں ایسے ملازمین اور انکے لواحقین کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر حمیرا اکرم نے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور اس مرض سے آگاہی کیلئے خوش آئندہ قرار دیا۔انچارج شعبہ کینسر  ڈاکٹر ہارون الرشید نے کینسر کے اسباب اور نقصانات سے آگاہی دی۔ ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سرگودھاڈاکٹر غلام شبیر نے کینسر سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ کینسر کی تشخیص کیلئے تمام ٹیسٹوں کی سہولت موجود ہے۔عثمان حسیب بانی گیو لائف سوسائٹی نے کہا کہ خون کابروقت عطیہ دینے سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے ہمیں اپنے پیاروں کو بچانے کیلئے خون کے عطیات دینے چاہیں۔ تقریب کے اختتام پر انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب لاہور کا خصوصی وڈیو پیغام بھی سنایا گیا۔ تقریب میں اے ڈی آئی جی عامر مشتاق،اے ایس پی سٹی سرکل احمد شاہ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر خالد محمودانور، انسپکٹر لیگل قاسم حیات، انچارج سیکورٹی عنایت اللہ،ایس ایچ اوز، انجمن تاجران، سیاسی نمائندگان،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
(ترجمان سرگودہا پولیس)

Tuesday, February 4, 2020