تمام زیر تفتیش مقدمات میرٹ پر بروقت یکسو کریں

سرگودھا:تمام زیر تفتیش مقدمات میرٹ پر بروقت یکسو کریں وقوعہ کی اطلاع پر فوری حرکت میں آئیں۔ڈی پی اوسرگودھا فیصل گلزار
سرگودھا: تما م مقدمات کو یکساں اہمیت دی جائے اور میرٹ پر بروقت یکسو کیے جائیں کسی بھی وقوعہ کی اطلاع پر ہمارا ردعمل فوری ہونا چاہیے،جرم کی اطلاع دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودھا فیصل گلزارنے ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے کرائم میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تھانہ وائز کرائم کا جائزہ لیا مقدمات کی پراگرس چیک کی اور ایس ایچ او ز کو ہدایت دی کہ زیر تفتیش مقدمات کو بروقت یکسو کرکے چالان عدالت میں جمع کروائیں، اشتہاری مجرمان کے خلاف موثر کاروائی کریں ان کے ریڈ وارنٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جائیداد قرق اور ان کو پناہ دینے والوں کے خلاف کاروائی کریں، منشیات فروشی ایک لعنت ہے اس میں ملوث افراد کے خلاف بھر پور کاروائی کریں۔ سرچ آپریشن باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیے جائیں تاکہ موثر رزلٹ حاصل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وباء کے پیش نظراپنی اور اپنے جوانوں کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنائیں آپ تمام کو ماسک اور سینٹائزر مہیا کیے گئے ہیں ڈیوٹی اوقات کے دوران تمام افسران وجوان ماسک کا استعمال ضرور کریں اور حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمدکے سلسلہ میں مقامی سول سوسائٹی اور تاجروں کے ساتھ ملکر موثر اقدامات کیے جائیں۔میٹنگ میں ایس پی انوسٹی گیشن ملک امیتاز محمود، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن ون اینڈ ٹو،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، جملہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
(ترجمان سرگودھا پولیس)

Monday, June 8, 2020