آر پی او سرگودھا کی پولیس لائنز سرگودھا آمد

ذکاء اللہ شہید پولیس لائن سرگودھا آمد پر آر پی او سرگودھا افضال احمدکوثرنے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ شہید کنسٹیبل وحید کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔ ملٹی پرپز ہال میں ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا نے ریجن ہذا سے دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں میں نقد انعام معہ تعریفی سرٹفکیٹ تقسیم کیے اور کہا کہ جس طرح فرائض میں غفلت برتنے پر پولیس افسران و اہلکاروں کو سزا دی جاتی ہے اسی طرح اپنے فرائض کی ادائیگی اچھے طریقے سے سر انجام دینے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے تاکہ پولیس مزید محنت،لگن اور نیک نیتی کے ساتھ عوام کی خدمت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دیتی رہے۔
  ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا افضال احمد کوثر کوذکاء اللہ شہید پولیس لائن سرگودھا پہنچنے پر سلامی دی گئی۔آر پی او سرگودھا نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔شہید کنسٹیبل وحید کے لوحقین سے بھی ملاقات کی اور شہید کے بیٹوں کو پیار کیا۔ اس کے بعد ملٹی پرپز ہال میں ایک پروقار تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔تقریب میں انعام حاصل کرنے والے سرگودھا ریجن کے چاروں اضلاع سرگودھا،خوشاب،میانوالی اور بھکر سے پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا افضال احمد کوثر نے ریجن ہذا سے دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں میں نقد انعامات و تعریفی سرٹفکیٹ تقسیم کیے۔تقریب کے آخر میں پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سرگودھا افضال احمد کوثر نے کہا مجھے خوشی ہے کہ ریجنل لیول پر تقریب منعقد کی گی ہے۔ جس طرح پولیس افسران و اہلکاروں کو اپنے فرائض میں کوتاہی برتنے پر محکمانہ سزا دی جاتی ہے اسی طرح اپنے فرائض کی ادائیگی اچھے طریقے کے ساتھ سر انجام دینے والے پولیس افسران و اہلکار انعام کے حقدار بھی ہوتے ہیں۔ آج کی یہ تقریب اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ایسے افسران جنہوں نے عوام کی جان،مال و عزت کی حفاظت کے لیے محنت کی وہ محکمہ کی نیک نامی کا باعث بنے ہیں اسی لیے آج انکو انعامات دئیے جا رہے ہیں۔ہمارے اساتذہ نے ہمیں سکھایا تھا کہ جو کام بھی نیک نیتی اور محنت کے ساتھ کیا جائے اللہ تعالیٰ ضرور اس کا پھل دیتے ہیں۔یہ وردی ہمارے لیے عزت کا باعث ہے۔اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جو کام بھی ہمارے ذمہ ہو وہ کام ہم احسن طریقہ سے سر انجام دیں۔
آر پی او سرگودھا افضال احمد کوثرنے مزید کہا کہ ایسے افراد جن کی کوئی سفارش نہیں ہے جب وہ اپنے جائز کام کے لیے آپ کے پاس آئیں تو سب کام چھوڑ کر ان کا کام پہلے کریں۔غریب لوگوں کی مدد کرنے سے اللہ تعالیٰ ہمارے لیے آسانیاں پیدا کرتا ہے۔اسی طرح تھانے آنے والے ہر سائل کے ساتھ اچھا رویہ رکھیں۔اچھے اخلاق،عوام کے ساتھ اچھا برتاؤ،محنت اور نیک نیتی سے کام کر کے ہم پولیس کے امیج کو عوام میں مزید بہتر کر سکتے ہیں۔میرے اس تمام پیغام کو اپنے اپنے ماتحتوں تک ضرور پہنچائیں۔سروس ڈلیوری کو بہتر کریں۔تھانوں یا دفاتر میں بیٹھنے کے اوقات کی پابندی کریں۔اوپن دور پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کریں۔میں تمام انعام لینے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔چاروں ڈی پی اوز اور انکی ٹیمیں بھی مبارکباد کی مستحق ہیں۔اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ سب افسران و اہلکار اپنی اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں گے۔آپ سب لوگوں میں سے کسی کو بھی ذاتی یا سرکاری مسئلہ ہو تو میں آپ کی مدد کے لیے حاضر ہوں۔انعامات حاصل کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں نے سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا،منشیات کی برآمدگی کی۔بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کر کے قتل کرنے والوں کو گرفتار کیا اور اے کیٹگری کے مجرمان اشتہاری جو کافی عرصہ سے روپوش تھے ان کی گرفتاری بھی شامل ہے۔
اس تقریب میں ایس ایس پی آر آئی بی نجیب الرحمن بگوی،ایس ایس پی پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا امیر عبداللہ خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا عمارہ اطہر،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب شعیب محمود،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر فیصل گلزار،ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی محمد ارشد،ایس پی سی ٹی ڈی و دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
                    پبلک ریلیشنز آفیسر 
   دفتر ریجنل پولیس آفیسرسرگودھا
Thursday, March 5, 2020